English Urdu

کارروائی، تجاویز اور فیصلے: بیسواں اجلاس آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، کولکاتا

 
اجلاس عام

بورڈ کا عظیم الشان اجلاس

اجلاس بورڈ کے آخری دن 2 مارچ کو پارک سرکس کے وسیع میدان میں جلسہ عام منعقد ہوا جس میں شہر کولکتا کے علاوہ دوردراز مقامات و مضافات، مالدہ، مرشدآباد، بردوان، آسنسول وغیرہ کے لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی، یہ جلسہ عام انسانی سروں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر معلوم ہو رہا تھا مسلم عوام میں اتنی دلچسپی تھی کہ یہ جلسہ عام دن کے بارہ بجے سے ساڑھے نو بجے تک چلتا رہا۔

اجلاس عام کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب دامت برکاتہم نے فرمائی انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن کریم اور اسوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو مضبوطی سے تھام لیں اس کے بغیر دنیا اور آخرت میں فلاح و کامیابی نہیں پا سکتے۔ انہوں نے فرمایا کہ آج ہم قرآن سے دور ہو چکے ہیں ۔ حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب نے ارباب مدارس اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ حوصلہ اور ہمت سے کام لیں اور جمہوری طریقہ سے اپنی لڑائی لڑیں، حضرت مولانا حکیم محمد عرفان الحسینی صاحب نے مسلمانوں کو وحدت و اجتماعیت کی لڑی میں پروئے رہنے کی تلقین کی۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری صاحب نے کہا کہ قرآن میں ترمیم کرنے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی تحریف کا حق نہیں دیا تو پھر دنیا کی کسی اور طاقت کو کیا مجال کہ وہ ہم سے تبدیلی کا مطالبہ کریں۔ ممبر پارلیامنٹ جناب اسدالدین اویسی صاحب نے اپنی تقریر میں گستاخ رسول مصنفہ تسلیمہ نسرین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بدچلن عورت کو ہندوستان سے نکال باہر کرنا چاہئے انہوں نے مدرسہ عالیہ کے نام سے مدرسہ کے لفظ کو ہٹائے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ شیعہ عالم دین مولانا عقیل الغروی نے سرمایہ داری کو دہشت گردی کی جڑ بتاتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام دہشت گردی کر رہا ہے صرف جھوٹ کے ذریعہ مسلمانوں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ مولانا حمیدالدین عاقل حسامی صاحب نے اللہ اور رسول کے حکم کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ مولانا اسرارالحق قاسمی صاحب نے تاریخی حوالوں سے بتایا کہ ملک کی تحریک آزادی میں مسلمانوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے، ہمیں افسوس ہے کہ آج ہماری حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگایا جا رہا ہے۔ جناب سید شہاب الدین صاحب نے بورڈ کے قیام کی تاریخ اور اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر مختصر روشنی ڈالی۔ جناب محمد عبدالرحیم قریشی صاحب اسسٹنٹ جنرل سکریٹری بورڈ نے کہا کہ بورڈ مسلمانوں کا ایک باوقار ادارہ ہے اور تحفظ شریعت تحریک کا نام ہے ہم سب بورڈ کی آواز پر لبیک کہتے رہیں۔ مولانا عبدالوہاب خلجی صاحب نے ایمان و یقین میں پختگی پیدا کرنے کی ترغیب دی اس اجلاس سے بورڈ کے نائب صدر اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب، دارالعلوم ندوہ العلما کے استاذ مولانا خالد غازی پوری صاحب، ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن صاحب قاسمی، امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثناالہدی قاسمی صاحب، راشٹریہ سہارا کے گروپ اڈیٹر جناب عزیز برنی صاحب، مولانا سید غلام احمد مرتضٰی صاحب، ٹیپو سلطان مسجد کے امام مولانا نورالرحمن برکتی صاحب، مولانا یٰسین علی عثمانی بدایونی صاحب، ٰٰٰٰ مولانا ابو طالب رحمانی صاحب، مولانا احمد علی قاسمی صاحب، مفتی وصی احمد قاسمی صاحب، ڈاکٹر رئیس الدین صاحب، مولانا نعمت حسین حبیبی صاحب، جناب طٰہٰ صاحب، پھر پھر اشریف اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے استاذ ڈاکٹر شکیل احمد صمدانی صاحب وغیرہ نے اظہار خیال کیا۔

بلا شبہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا یہ عظیم الشان اجلاس غیر معمولی طور پر کامیاب رہا، تین چار دنوں تک شہر کولکاتا میں نورانی فضا چھائی رہی، اور عام مسلمانوں کو مسلمان ہونے پر فخر و انبساط کا احساس ہوتا رہا۔ ہمیں خوشی ہے کہ اجلاس کو کامیاب اور بامقصد بنانے کے لئے مجلس استقبالیہ کے صدر حضرت مولانا حکیم محمد عرفان الحسینی صاحب، معاون صدر استقبالیہ جناب حاجی جمیل منظر صاحب، استقبالیہ کے جنرل سکریٹری جناب سلطان احمد صاحب، استقبالیہ کے خازن جناب حاجی مشتاق احمد صدیقی صاحب، جناب صباح اسماعیل ندوی صاحب، جناب شمیم اختر جاوید صاحب، جناب اقبال احمد صاحب، جناب ناصر علی صاحب، جناب حاجی منظور علی صاحب، جناب مصباح الحق صاحب، جناب محمد حسان حسینی صاحب، جناب حاجی نیاز احمد صاحب، جناب قاضی ضمیر الدین صاحب کے علاوہ شہر کی متعدد سرکردہ علمی و سماجی شخصیات نے بڑی محنت و جانفشانی سے کام کیا اور شب و روز ایک کر دیا، مجلس استقبالیہ کے تمام ارکان نے مہمانوں کو راحت و آرام پہچانے، ضیافت و مہمان نوازی کرنے میں اپنے جن اخلاق کریمانہ کا مظاہرہ کیا اس کے لئے وہ بجا طور پر شکریہ کے مستحق ہیں، خدا انہیں اجر جزیل سے نوازے، امارت شرعیہ کے علما کرام کی ایک ٹیم ہفتہ عشرہ قبل کولکاتا پہنچ گئی اور شہر کے مختلف علاقوں کے کورنرس اجلاس میں دو مارچ کے اجلاس کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتی رہی، جس کا شہر پر بہت اچھا اثر پڑا اور اجلاس عام میں بڑا مجمع دیکھنے میں آیا۔

اعلامیہ کولکاتا ...

پہلا صفحہ
تعارف
عہدہ داران
خبر نامہ
نکاہ نامہ
مطبوعات
صدر بورڈ کا پیغام
اجلاس عام
اعلامیہ کولکاتا
اجلاس مجلس عاملہ
پریس ریلیز
اعلانات
تاثرات
رابطہ
   
پہلا صفحہ   |      اعلانات   |      پریس ریلیز   |      مطبوعات    |      خبر نامہ   |      تاثرات   |      رابطہ